عطائی ڈاکٹر موت کا کاروبار کرنے لگے

چنیوٹ(ڈسٹرکٹ رپورٹر) چنیوٹ میں جگہ جگہ عطائی ڈاکٹر موت کا کاروبار کرنے لگے ۔محکمہ ہیلتھ چنیوٹ افسران سمیت دیگر ارباب اختیار نے آنکھیں بند کر لیں شہریوں کا کوئی پرسان حال نہ رہا جبکہ مبینہ طور پرعطائی ڈاکٹروں سے ماہانہ لاکھوں روپے کی منتھلی بھی وصول کئے جانے کا انکشاف تفصیلات کے مطابق ضلع چنیوٹ کے متعدد علاقوں محلہ غفورا ٓباد،قاسم تاﺅن،رحمن آباد،حاجی آباد،داد پورہ ،موضع رائے چند،دل خوشاب ،گھسن پورہ،سلارہ روڈ،موضع راﺅ باغ ،توحید آباد،مسکین پورہ،تھانہ سٹی روڈ،فیصل آباد روڈ،بھٹو کالونی،بہار کالونی سمیت دیگر علاقوں میں عطائی ڈاکٹروں نے ڈیرے ڈال لئے ہیں اور سادہ لوح شہریوں کو بھاری رقم کے عوض موت کے منہ میں دھکیلنے کا مکروہ دھندہ کیا جا رہا ہے جبکہ ان ہی علاقوں میں درجنوں غیر قانونی میڈیکل سٹوروں نے بھی انسانی جانوں سے کھیلنے کا سلسلہ شروع کر رکھا ہے جہاں نشہ آور،جنسی،سیمپل اور غیر معیاری ادویات کا دھندہ بلا خوف و خطر کیا جا رہا ہے ڈپٹی کمشنر چنیوٹ،سی ای او ہیلتھ چنیوٹ سمیت دیگر متعلقہ ارباب اختیار کی جانب سے ان موت کے سوداگروں کے خلاف کسی بھی قسم کا کریک ڈاﺅن یا پکڑ دھکڑ کا عمل دیکھنے کو نہیں ملا جس کی وجہ سے عوام ان عطایﺅں کے ہتھے چڑھتے ہوئے موت کے منہ میں جا رہے ہیں جبکہ مبینہ طور پر چنیوٹ کے مختلف علاقوں میں براجمان انسانی جانوں کے دشمن اور انسانیت کے قاتل عطائی ڈاکٹر ماہانہ لاکھوں روپے بھتہ جمع کرکے متعلقہ افسران کو منتھلی دے کر یہ کاروبار کر رہے ہیں شہر ی حلقوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب ،سیکرٹری ہیلتھ پنجاب سمیت دیگر ارباب اختیار سے چنیوٹ کے عطائی ڈاکٹروں اور نان رجسٹرڈ میڈیکل سٹوروں کے خلاف فوری نوٹس لینے اور ان عناصر کا قلع قمع کرنے کا مطالبہ کیا ہے ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں