اسرائیلی بمباری میں مزید 100 فلسطینی شہید؛ مجموعی تعداد 31 ہزار 923 ہوگئی

غزہ میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران بغیر کسی وقفے کے جاری اسرائیلی بمباری میں مزید 100 فلسطینی شہید ہوگئے جب کہ مغربی کنارے میں بھی اسرائیلی فوجیوں نے ایک فلسطینی نوجوان کو گولی مار کر شہید کردیا۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق اسرائیل نے الشفا اسپتال میں پناہ لیے ہوئے فلسطینیوں کو اسپتال کا لاؤنج فوری طور پر خالی کرنے کا حکم دیا ہے جو کہ اسپتال پر حملے کا عندیہ ہے۔

الشفا اسپتال میں حماس کے کمانڈرز کی موجودگی کا الزام عائد کرکے اسرائیلی فوج نے رواں ہفتے کے آغاز میں بھی فوجی آپریشن کیا تھا اور تب سے اسپتال کا محاصرہ کر رکھا ہے۔
ادھر غزہ میں اسرائیلی فوج نے رہائشی علاقے میں شدید گولہ باری کی جس میں متعدد مکانات تباہ ہوگئے اور درجنوں افراد ملبے تلے دب گئے۔24 گھنٹے سے بلا تعطل جاری بمباری میں خواتین اور بچوں سمیت 100 سے زائد فلسطینی شہید ہوگئے۔

واضح رہے کہ 7 اکتوبر سے اب تک غزہ پر اسرائیلی جارحیت میں شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 31 ہزار 923 ہوگئی جب کہ 74 ہزار سے زائد زخمی ہیں۔ شہید اور زخمی ہونے والوں میں نصف تعداد خواتین اور بچوں کی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں